اسلام آباد(صباح نیوز)
صدر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کے بھارتی اقدام کی سخت مذمت کی ہے ۔ پیر کوصدر ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی ۔ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں ملکی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ کورونا کی عالمی وباء سے پیدا صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدرمملکت نے کورونا وباء کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔صدر نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی واپسی میں نرمی کے حوالے سے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے حکومت کمزور طبقوں کی ہر ممکن ریلیف کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ بعدازاں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی اور مقبوضہ کشمیر میں کورونا کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔ وزیراعظم نے تراویح کے حوالے سے علماء کرام میں اتفاق رائے پیدا کرنے پر کاوشوں کو سراہا۔