ملک میں کورونا سے مزید 8 اموات، ہلاکتیں 256 ہوگئیں، مجموعی کیسز 12 ہزار سے تجاوز کرگئے
ہفتہ کو کورونا کے 491 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں کورونا سے مزید 8 اموات، جاںبحق افراد کی تعداد256 ہوگئیں، مجموعی کیسز 12 ہزار2سو27ہوگئی جبکہ ہفتہ کو کورونا کے 491 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹرکے مطابق پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 256 ہوگئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 12227 تک جا پہنچی ہے۔256 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 89 افراد انتقال کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ سندھ میں 78 ، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 10 جب کہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔کل 138،147 ٹیسٹ ہوچکے ہیں اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد2755 ہوگئی ہے ۔ ہفتہ کو ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 491 کیسزسامنے آچکے ہیں اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جن میں سندھ میں 287 کیسز اور 3 ہلاکتیں، پنجاب سے 195 کیسز 5 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلی نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 اور اموات 78 ہوگئی ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔پنجاب سے اب تک کورونا وائرس کے مزید 195 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 5046 اور اموات 73 ہوگئی ہیں۔پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 223 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے 49 کیسز سامنے آئے جب کہ 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں جمعہ کو 167 نئے کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 89 تک پہنچ گئی جب کہ مجموعی کیسز 1708 ہوگئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اب تک 477 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں جمعہ کو 7 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی جب کہ اب تک 213 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 91 ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں جمعہ کو کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم جمعرات کو کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق آزاد کشمیر کے فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کی۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔