سرینگر (ساوتھ ایشین وائر)
جموں و کشمیر میں ہر گزرتے روز کے ساتھ کووڈ-19 سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق حکومت کے ترجمان ، روہت کنسل نے اس بات کی تصدیق کی کہ مرکز کے خطے میں یہ تعداد 523 ہوگئی۔لداخ میں 19متاثرہ افراد ہیں۔کنسل نے یہ بھی کہا کہ فعال مثبت کیسز380 ہیں۔حکومت کے مطابق ، بانڈی پورہ میں سب سے زیادہ تعداد میں کیسز ہیں – 124۔ سری نگر میں 85 کیس ہیں اور شوپیان میں 63 کیس ہیں۔
اب تک ، چھ افراد انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں اور کشمیر میں 137 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کشمیر میں کورونا وبا کے پیش نظر اتوار کو مسلسل 39 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہا۔ لاک ڈان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جبکہ متعدد افراد اب تک حراست میں لیے گئے ہیں۔شہرو دیہات میں احتیاط کے طور پرسخت ترین بندشیں عائد ہیں۔القمرآن لائن کے مطابق تمام ضلع و تحصیل صدر مقامات سے بھی ماہ صیام ہونے کے باوجود بھی جہاں بازاروں میں سناٹا چھایا رہا وہیں مساجد بھی جن میں اس ماہ کے دوران نمازیوں کا تانتا بندھا رہتا تھا، بھی خالی دیکھی گئی۔ دور افتادہ علاقوں میں بھی جنتا کرفیو رضاکارانہ طور پر جاری ہے اور لوگ سماجی دوری کو بنائے رکھنے کے لئے تمام تر اجتماعات یہاں تک کہ تراویح نمازوں کی اجتماعی ادائیگی سے بھی احتراز کررہے ہیں۔وادی کے علاوہ جموں صوبہ اور لداخ یونین ٹریٹری میں بھی لاک ڈاؤن برابر جاری ہے اور لوگ گھروں میں بیٹھ کر اس وبا کا مقابلہ کررہے ہیں۔