اسلام آباد(صباح نیوز)
عیدالفطر کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے قائدین ایک بار پھر اکٹھے ہوں گے، جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن رابطے کریں گے، حکومت کیخلاف اپوزیشن کے نامکمل اور ادھورے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال کے اواخر میں آزادی مارچ کے ذریعے اپوزیشن جماعتیں حکومت سے مستعفی ہونے، نئے انتخابات کرانے ، آئین اور اسلامی قوانین کے تحفظ کی حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کرچکی ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عیدالفطر کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ مشاورتی اجلاس طلب کرنے کی تیاری شروع کردی ہے، مولانا فضل الرحمن اس حوالے سے رابطے کریں گے۔ اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے اس معاملے پر حال ہی میں بلواسطہ طورپر پیغامات کی ترسیل بھی ہوئی ہے اور اس بات کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کے مخالف آل پارٹیز کانفرنس میں شامل تمام جماعتوں کو ایک بار پھر مدعو کیا جائے گا۔ اپوزیشن قائدین کا یہ اکٹھ آئندہ کے بجٹ سے قبل متوقع ہے۔ مشاورتی اجلاس کے ایک بار پھر مولانا فضل الرحمن محرک بنیں گے۔