لاہور(صباح نیوز)
پنجاب میں فلور ملزمالکان نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 6روپے کا اضافہ کردیا۔جبکہ ۔صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فلورملوں کو آٹا مہنگا نہیں کرنے دیں گے اور جو ملیں ایسا کریں گی ان کے خلاف کارروائی ہوگی،فلورملز ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد 20کلو کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 900روپے جبکہ پرچون میں 925روپے ہوجائیگی۔فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 20 کلو والا تھیلا 50سے 60روپے مہنگا کیا گیا ہے۔فلور ملزایسوسی ایشن کے مطابق صوبے میں گندم کی قیمت بڑھ کر 1600روپے من ہوگئی ہے جس کے باعث آٹے کی قیمت بڑھانا پڑی ہے۔ فلورملزایسوسی ایشن کے صدرعبدالروف مختارکی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی درخواست پر رمضان المبارک کے دوران ہم نے آٹا قیمت نہیں بڑھائی لیکن اب اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 سے 1700 روپے من ہو چکی ہے لہذا ہم نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ہرضلع میں گندم کی قیمت میں 100 روپے گرائنڈنگ چارجز جو کہ حکومت کے منظور شدہ ہیں شامل کر کے ایکس مل قیمت مقرر ہو گی اور یوں ہر ضلع کی آٹا قیمت مختلف ہوگی۔ جیسے جیسے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم ہوگی اسی تناسب سے آٹا قیمت میں کمی آئے گی۔صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فلورملوں کو آٹا مہنگا نہیں کرنے دیں گے اور جو ملیں ایسا کریں گی ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں گندم کی قیمتوں میں فرق ہوتا ہے، جہاں گندم سستی ہوگی وہاں آٹے کے نرخ بھی کم ہوں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آٹا قیمت وہی ہو گی جو حکومت سے مشاورت کے بعد طے ہو گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مل اونرز عوام کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے تعاون کریں گے لیکن اگر فلور ملز ایسوسی ایشن نے تعاون نہ کیا تو حکومت اپنا طریقہ کار خودطے کرے گی۔