کورونا وبا: ملک میں مصدقہ کیسز 2 لاکھ 3 ہزار کے قریب، 92 ہزار 624 افراد صحتیاب

اموات 4 ہزار 118 تک پہنچ گئیں

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 83 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 118 ہو گئی  ہے۔ ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 72  کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 955 ہو گئی۔ ۔ملک میں  اتوارکی صبح تک کورونا وائرس کے 1541 نئے کیسز اور 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک 4 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے میں پاکستان دنیا کے بڑے متاثرہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ رجحان دیکھنے میں آیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ حد تک کمی ہوئی ہے۔اگرچہ پاکستان میں اس وائرس کا پھیلا لگائے گئے اندازوں کے مطابق نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کیسز کی تعداد اور اموات باعث تشویش ہیں۔ملک میں پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو یہ لگ بھگ 2 ہزار کے قریب تھے جبکہ اموات 26 تک ہوئیں تھیں، تاہم اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ میں یہ ساڑھے 16 ہزار کے مجموعی ہندسے کو عبور کرگئے اور اموات 385 تک جاپہنچیں۔مئی کا مہینہ صورتحال کی تبدیلی کا باعث بنا اور مہینے کے آخر تک کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 کو تجاوز کرگئیں۔تاہم جون کے مہینے میں کیسز کا گراف یکدم اوپر گیا اور ایک 27 روز میں ایک لاکھ 30 ہزار کیسز اور 2500 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔ اتوار کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ بڑی تعداد میں مریض صحتیاب ہوگئے۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1322 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 322 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 202 ہوگئی۔اس کے علاوہ صوبے میں مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک وہاں اموات 1673 تک پہنچ گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کی جان لے لی۔اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12 ہزار 395 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 120 سے بڑھ کر 122 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں 6 نئے کیسز اور ایک اموات کا اضافہ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 1417 سے بڑھ کر 1423 ہوگئی۔ادھر آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔جس کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 3 سے بڑھ کر ایک ہزار 27 ہوگئی۔تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 718 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 86 ہزار 906 سے بڑھ کر 92 ہزار 624 ہوگئی۔ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 78 ہزار 267 ہیں تو وہیں پنجاب میں 74 ہزار 202 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 25 ہزار 380 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 261 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 395، گلگت بلتستان میں 1423 اور آزاد کشمیر 1027 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

#/S