لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں کورونا کا خطرہ اب بھی برقرار، 7 علاقے ہاٹ سپاٹ میں آگئے، 68 علاقے کھلنے کے بعد لاہور کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واپڈا ٹاؤن، ای ایم ای سوسائٹی کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن، چونگی امر سدھو، ٹاؤن شپ میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ کے کچھ حصوں میں بھی لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ تمام علاقوں میں آج رات 12 بجے لاک ڈاؤن ہو جائے گا۔
ذرائع کےمطابق ای ایم ای سوسائٹی میں 200 مریض سامنے آ گئے، واپڈا ٹاؤن میں 360 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 14 دن میں واپڈا ٹاؤن میں 192 مریض سامنے آئے۔ اسی طرح جوہر ٹاؤن میں 700 مریض جبکہ 14 دن میں 310 نئے مریض سامنے آئے، چونگی امر سدھو میں 220 مریض موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق گزشتہ 3 ہفتے میں کیے جانے والے سمارٹ سیمپلنگ کے نتائج آگئے، کیسز زیادہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 922 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 83 ہزار 599، سندھ میں 97 ہزار 626، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 681، بلوچستان میں 10 ہزار 919، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 595، اسلام آباد میں 13 ہزار 650 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 419 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 14 لاکھ 67 ہزار 104 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 951 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 40 ہزار 965 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 236 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 922 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 929، سندھ میں ایک ہزار 614، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 45، اسلام آباد میں 140، بلوچستان میں 124، گلگت بلتستان میں 30 اور آزاد کشمیر میں 40 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔