راولپنڈی: (ویب ڈیسک )پاکستان کے شہر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے حسن احمد پیدائشی طور پر قوت سماعت و گویائی سے محروم ہونے کے باوجود وی لاگنگ کی دنیا میں اپنا نام بنانے میں کوشاں ہیں جس میں وہ کافی حد تک کامیاب بھی ہوگئے ہیں۔
حسن احمد سائن لینگوج میں وی لاگ بناتے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ڈیف ٹاک‘ کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔
ایک سال سے وی لاگنگ کرنے والے حسن احمد کا کہنا ہے کہ ’ وی لاگنگ کا خیال خود سے آیا، مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ لکھی ہوئی پوسٹ قوتِ سماعت سے محروم افراد یا تو پڑھ نہیں سکتے اور اگر پڑھ لیں تو اسے صحیح طرح سمجھ نہیں پاتے۔‘
حسن احمد نے کہا کہ اس خیال کے بعد میں نے ارادہ کیا کہ وہ قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کی مدد کے لیے کھانوں اور دوسری چیزوں کے بارے میں سائن لینگویج (اشاروں کی زبان) میں اپنے وی لاگز میں بناؤں گا۔
حسن نے بتایا کہ جب انہوں نے وی لاگنگ کا آغاز کرنے کا سوچا تو فیملی نے بہت سپورٹ کیا، بہن نے بہت زیادہ سپورٹ کیا اور خوش بھی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ویڈیو بنانے میں بہت محنت درکار ہوتی ہے تاہم حسن ویڈیو ایڈٹ تو خود ہی کرتے ہیں لیکن بنانے کیلئے بہن کی مدد لیتے ہیں۔
انہوں نے مختلف موضوعات پر تو وی لاگنگ کی لیکن عالمی وبا کورونا کے دوران بھی قوتِ سماعت و گویائی سے محروم افراد کیلئے معلوماتی ویڈیوز بھی بنائیں۔