لاہور: (ویب ڈیسک)لاہور میں آٹا چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔
آٹا چکی مالکان کی ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2100 روپے فی من ہوگئی ہے، گندم منہگی ہونے کی وجہ سے چکی آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے پر مجبور ہیں، آج سے قیمت 67 روپے فی کلو ہو گی۔
دوسری جانب حکومت چینی کی قیمت بھی کنٹرول نہ کر سکی، شوگر انکوائری رپورٹ آنے کے بعد بھی چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 2 روپے 36 پیسے فی کلو اضافہ ہو چکا ہے جب کہ گزشتہ 15 روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت ساڑھے 4 روپے بڑھی ہے۔
ادارہ شماریات کی مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مجموعی طور پر مہنگائی میں صفر اعشاریہ صفر ایک فی صد کمی ہوئی ہے۔
ادھر وفاقی وزير برائے فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام بھی آٹا مہنگا ہونے پر حیران ہو گئے، انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ اتنی گندم آئی مگر نہ جانے کہاں چلی گئی، شاید عالمی مارکیٹ میں گندم مہنگی ہونے کی وجہ سے غائب ہوئی۔