لندن: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر طیارے کی ورچوئل رائل ائیر ٹیٹو شو میں شرکت نے وطن عزیز کا نام سر بلند کر دیا۔
تفصیل کے مطابق آج کا دن پوری قوم کے لئے باعث فخر تھا جب ملکی سطح پر تیار کردہ پاک فضائیہ کا JF-17 تھنڈر طیارہ برطانیہ میں منعقد ہونے والے ورچوئل رائل انٹرنیشنل ائیر ٹیٹو شو میں پہلی مرتبہ شریک ہوا۔
نمبر 16 سکواڈرن کے اس ملٹی رول لڑاکا طیارے کے علاوہ نمبر 21 سکواڈرن کے C-130 ہرکولیس طیارے نے بھی اس یادگار ایونٹ میں شرکت کی۔
اس سال COVID-19 کی وجہ سے اس ائیر شو میں دنیا بھر کی فضائی افواج کو شرکت کرنے والے طیاروں اور عملے کی مختصر دورانیے کے ویڈیو کلِپ بھجوانے کا کہا گیا تھا۔
منتظمین کی جانب سے وضع کردہ قواعد وضوابط کے تحت پاک فضائیہ نے ائیر شو میں شرکت کرنے والے طیاروں کے عملے کے پیغامات کی ویڈیوز ارسال کیں جنہیں اس ائیر شو کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
ایوی ایشن کے دلدادہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان ویڈیوز کو بہت سراہا۔اس شو میں شرکت نہ صرف بین ا لاقوامی سطح پر JF-17 تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان کے مثبت پہلوکو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک کثیر تعداد ورچوئل فلائنگ ڈسپلے، انٹرویوز اور جدید طیاروں کی ورطہ حیرت میں ڈالنے والی ائیریل فوٹیجز سے لطف اندوز ہوئی۔
اس میگا شو میں ہر سال دنیا بھر کی مختلف فضائی افواج، جہاز سازی اور ائیرو سپیس ٹیکنالوجی کی صنعتیں اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔