اسلام آباد (ویب ڈیسک)
فیڈرل فلڈ کمیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر بلند درجے اور مرالہ خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ہفتے کو ایف ایف سی کی رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا۔ رسول ہیڈورکس پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ کالاباغ اور چشمہ کے مقام اور گڈو، سکھر کے مقام پر دریائے سندھ اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
در ایں اثناء راوی اور ستلج معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں تریموں کے مقام پرنچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
جھنگ میں دریائے چناب کے قریب آبادی زیرآب آنے سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بروقت سیلابی ریلے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے تاحال کوئی فلڈ ریلیف کیمپ بھی نہیں لگایا گیا۔
دوسری جانب چنیوٹ کے قریب دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں 2 لاکھ بیس ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق سیلاب سے 70 سے زائد دیہات زیرآب آ گئے جبکہ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جن میں کماد، مکئی، مونجی اور اربی کی فصلیں شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، لوگ مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کئے جا رہے ہیں۔