ملائیشیا نے بھارت ،پاکستان سمیت 23 ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی
پابندی کا اطلاق 7 ستمبر سے ہوچکا
کوالمپور(ویب ڈیسک )ملائیشیا نے بھارت پاکستان سمیت ان 23 ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ خود ملائیشیا میں جون کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی جانب سے پابندی کا اطلاق 7 ستمبر سے ہوچکا ہے۔فیس بک پر ملائیشیا امیگریشن نیوز اپ ڈیٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق پابندی کا اطلاق ان ممالک پر ہوگا جہاں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ملائیشیا امیگریشن کی جانب سے فیس بک پر ان 23 ممالک کی فہرست بھی جاری کی گئی جن کے باشندوں پر ملک میں داخلے پر پابندی ہوگی۔مذکورہ فہرست کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، بنگلہ دیش، عراق، ترکی، اٹلی، بھارت، امریکا، برازیل، روس، پیرو، کولمبیا، جنوبی افریقہ، میکسیکو، اسپین، چلی، ارجنٹینا، برطانیہ، فرانس، فلپائن اور انڈونیشیا، ایران، شامل ہیں۔واضح رہے کہ یکم ستمبر کو ملائیشیا نے انڈیا، انڈونیشیا اور فلپائن میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ملک میں داخل ہونے پر طویل المعیاد پابندی عائد کردی تھی۔بعدازاں 3 ستمبر کو ایک اور فہرست جاری کی گئی جس کے تحت ان ممالک کے شہریوں پر پابندی کا دائرہ بڑھا دیا گیا جہاں ڈیڑھ لاکھ کورونا کے کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 75 لاکھ 16 ہزار 595 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 97 ہزار 426 متاثرین ہلاک ہوچکے ہیں۔اگر بات کی جائے ملائیشیا حکام کے مطابق وہاں 9 ہزار 559 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ملائیشیا میں اب تک 128 افراد کورونا وائرس سے ہلاک جبکہ 9 ہزار 136 مثاترین صحتیاب ہوچکے ہیں