اسلام آباد (ویب ڈیسک)
جاپان اور اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے درمیان کچرے کو ٹھکانے لگانے کے ضمن میں 500 ملین جاپانی ین کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
معاہدے پر دستخطوں کی تقریب منگل کو یہاں وزات اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کے تحت جاپان کی جانب سے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 29 گاڑیاں اور دیگر متعلقہ سامان فراہم کیا جائے گا۔
سیکرٹری وزارت اقتصادی امور نور احمد اور پاکستان میں جاپان کے سفیر مستودا کونی نوری نے اپنی حکومتوں کی جانب سے نوٹس کا تبادلہ کیا اور گرانٹ معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں جاپان کی اقتصادی معاونت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لئے گاڑی اور سامان کی شکل میں معاونت خوش آئند ہے جس پر ہم حکومت جاپان کے مشکور ہیں۔ اس معاونت سے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کچے کو اکٹھا کرنے اور اس کو ٹھکانے لگانے کے لئے نقل و حمل میں مدد ملے گی۔ اس سے صفائی ستھرائی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔ جاپان نے اسی طرح کی معاونت کراچی میں بھی فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
انہوں نے جاپان کے لئے اسی نوعیت کی امداد کی پیش کش پر پاکستان میں جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا ۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے ، سیلابوں ، زلزلوں اور دیگر آفات میں جاپان نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے جس پر پاکستان کی حکومت جاپان کی حکومت اور عوام کی مشکور ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔