اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، نہیں چاہتے خطے میں کشیدگی ہو، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے پر بھارتی اعتراض مسترد کیا، روس نے پاکستانی نقطہ نظر کی تائید کی، اجیت دودل کو میٹنگ چھوڑ کر جانا پڑا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان نے اجلاس میں فخری انداز میں نقشہ پیش کیا اور آئندہ بھی پیش کیا جائے گا، تنازعہ کی بنیاد پر بطور ذمہ دار ریاست کسی فورم کو خراب نہیں کیا جانا چاہیے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ایسا فورم نہیں تھا جہاں نقشے کے تنازعہ کو لایا جاتا، ایسا ملک جس سے ہمارے اختلافات ہیں خود کو تنہا کر رہا ہے تو اچھی بات ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا دہشتگردی کی جنگ میں شاید ہی کوئی ملک ہو جس نے پاکستان جیسی کارکردگی دکھائی، اب پوری دنیا اسے تسلیم کر رہی ہے، افغان امن مذاکرات میں پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان اکنامک سیکیورٹی کی بات کرتا ہے، پاکستان ریجنل روابط کی بات کرتا ہے، پاکستان وسطی ایشیا پر رسائی حاصل کرنے جا رہا ہے، پاکستان سی پیک کی طرف جا رہا ہے، روس چاہتا ہے روابط ہوں، وسطی ایشیا چاہتا ہے ان کے پراجیکٹس آگے آئیں۔