کرونا کیسز رپورٹ ہونے پر ایف 6 ٹو میں واقع کالج سیل
اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوگیا ۔ کیسز رپورٹ ہونے پر ایف 6 ٹو میں واقع کالج کو سیل کرنے کے لیے ڈی سی اسلام آباد کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔مراسلے مطابق کالج اور اس کی حدود میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد کی مختلف گلیوں میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے آج اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سیکٹر جی 10 فور کی گلی نمبر 38، 44، 45، 46، 47، 48 کوسیل کر دیا گیا ہے جبکہ سواں روڈ کی گلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ 2 کی گلی نمبر 25 اور29 کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکٹر جی نائن 4 کی گلی نمبر 85 اور 89 کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی ٹیموں نے ان علاقوں سے لوگوں کو قرنطینہ کرنے کے لیے سیمپل لیے تھے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 88 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔وفاقی دارالحکومت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 210 تک پہنچ چکی ہے جب کہ عالی وبا سے اب تک 188 اموات ہوئی ہے۔