اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہروں کی صفائی اور دس ارب درخت لگانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔ یہ کام مشکل نہیں، بس لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صاف، سرسبز وشاداب اعدادوشمار کے مقابلے میں حصہ لینے والے انیس شہروں میں انعامات دینے کی تقریب کل اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال پچیس نومبر کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان تحریک شروع کی تھی۔ اس اقدام کی بنیادی توجہ شہروں میں مقابلے اور صفائی کے اقدامات کی روح کو بیدار کرنے، رویے میں تبدیلی، مثبت رویے پیدا کرنے، بہتر پانی، صفائی ستھرائی، حفظان صحت کی خدمات اور سہولیات کے لئے اداروں کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ساری گندگی دریاؤں کے اندر جا رہی ہے، جسے روکنا ہے۔ ہمیں پہلے لوگوں کو آگاہی دینا ہوگی۔ یہ وقت ہے کہ قوم اور حکومت آنے والی نسلوں کا مستقبل بچائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں معاشی تباہی ہوئی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر ہیں۔ ہمیں خوف ہے کہ فیصل آباد، کراچی، لاہور اور گوجرانوالہ میں زیادہ آلودگی کی وجہ سے کہیں کورونا کی دوسری لہر نہ آ جائے۔ ہم صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
انہوں نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر پہلے بہت صاف ہوتا تھا۔ لاہور میں پچھلے بیس سال کے اندر ستر فیصد درخت کٹ گئے۔ ان درختوں نے آلودگی کم کرنا تھی لیکن ان کے کم ہونے سے پھیل گئی۔ اس تباہی کی وجہ اللہ کی نعمتوں کی قدرنہ کرنا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ اور جرمنی نے اپنے ملک کو بہت صاف رکھا ہے۔ زیادہ تر جو حکمران رہے کسی کو ان چیزوں کا نہیں پتا تھا۔ پاکستان جیسی نعمتیں کسی اور ملک میں نہیں لیکن ہم نے اپنے ملک کی نعمتوں کی قدر نہیں کی۔ صفائی نصف ایمان ہے۔