مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں قابض بھارتی فوج کے کریک ڈاون اور تلاشی آپریشنز جاری
ترال اور پلوامہ میں تلاشیاں،کئی گھنٹوں تک فورسز کا محاصرہ
لوگوں پرگھروں سے باہر نکال کر ظلم وتشدد، کئی نوجوان بھی گرفتار
سرینگر میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے تین روز قبل ہی سیکورٹی سخت
پونچھ میں پولیس پارٹی پر دستی بم حملہ کے بعد قابض فورسز کا آپریشن،بانہا ل میں ایک لاپتہ خاتون کی لاش برآمد
سرینگر (ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں قابض بھارتی فوج کے کریک ڈاون اور تلاشی آپریشنز جاری ہیں ،لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر انہیں تشدد کانشانہ بنانے کے علاوہ کئی نوجوان بھی گرفتار کرلئے گئے ہیں،سرینگر میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے تین روز قبل ہی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ،پونچھ میں پولیس پارٹی پر دستی بم حملہ کے بعد قابض فورسز نے پوراہ علاقہ محاصرے میں لے رکھاہے،بانہا ل میں ایک لاپتہ خاتون کی لاش برآمد کی گئی کے پی آئی کے مطابق بھارتی قابض فوج نے وادی کے کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کررکھا ہے ،باغندر ماحھچہامہ ترال، چاٹہ پورہ اور گوسو پلوامہ میں سیکورٹی فورسز نے کریک ڈائون کر کے گھر گھر تلاشیاں لیں۔گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پلوامہ میں مذکورہ بستیوں کا یہ دوسری بار محاصرہ کیا گیا۔ 42آر آر،180بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے گذشتہ روز دن 12بجے گائوں کا محاصرہ کیا اور اس دوران گھر گھر تلاشیاں لیں۔قریب 5گھنٹے تک یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ لیکن بعد میں محاصرہ ختم کیا گیا۔اس دوران پلوامہ قصبے کے چاٹہ پورہ محلے کا چار روز کے دوران دوسری بار محاصرہ کیا گیا اور بستی میں باریک بینی سے تلاشیاں لی گئیں۔کچھ روز قبل بھی بستی میں بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پلوامہ کے گوسو گائوں کا بھی بعد دوپہر محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔لوگوں کو گھروں سے باہر نکال کر ان پر تشدد بھی کیا گیا ، مذکورہ گائوں کا رواں ہفتے یہ دوسرا محاصرہ ہے۔ اس سے قبل یہاں فورسز اور مقامی لوگوں کے درمیان عبدالرحیم کے دو بیٹیوں کو اپنے ساتھ لینے کے موقعہ پر مزاحمت ہوئی تھی،وادی کے دیگر کئی علاقوں کابھی بھارتی فوج نے محاصرہ کرکے تلاشیاں لیں اس دورا ن کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ،سرینگر میں یوم سیاہ کے تین روز قبل ہی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جگہ جگہ بھارتی فوجی دستے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ہر آنے اور جانے والوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں،حریت کانفرنس نے 27 اکتوبر کو بھارت کے کشمیر پر غاضبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کررکھا ہے،دریں اثناء پونچھ کے کلائی کے قریب پولیس کے فلائنگ اسکواڈ پر جمعرات کوجو دستی بم پھینکاگیا تھا ، معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی اور کلائی و آس پاس کے علاقوں میں تلاشی لی جارہی ہے پولیس کے عہدیداروں کے مطابق اس واقعہ کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور رات میں کلائی پل اور قریبی علاقوں میں تلاشی لی گئی۔ کلائی اور آس پاس کے دیہات کے علاقے میں تلاشی لی گئی اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پونچھ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی چھان بین جاری ہے۔حکام نے بتایاتحقیقات جاری ہیں لیکن ابھی تک کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا ، علاوہ ازیں گذشتہ صبح رام بن ضلع کے بانہال قصبہ میں ایک لاپتہ خاتون کی بوسیدہ لاش بر آمد کی گئی۔حکام کے مطابق 38سالہ مسرا بیگم زوجہ ارشاد احمد میر ساکن بنکوٹ کی لاش چملواس علاقے میں بر آمد ہوئی۔مذکورہ خاتون ماہ ستمبر کے آخری ہفتے سے لاپتہ تھی۔