لاہور: (ویب ڈیسک ) نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ درودو سلام کی صداؤں سے فضا معطر ہوگئی۔ نوافل کا خصوصی اہتمام کیا گیا، مساجد، گلیاں اور بازار سج گئے۔
ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے جس میں درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے عاشقان رسول شرکت کریں گے۔
یہ جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے گزر کر منزل مقصود پر پہنچیں گے۔ مختلف اداروں میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام و خطیب اور مشائخ عظام جمعة المبارک کے خطبات میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ پر روشنی ڈالیں گے۔
مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی، کیک کاٹے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺ کے شایان شان انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔
ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں تمام سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔
گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیا سے سجایا جا رہا ہے۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ جلوسوں کے راستوں میں دودھ، شربت کی سبیلیں لگانے، مٹھائی اور لنگر تقسیم کرنے کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔