لاہور:(ویب ڈیسک)
شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا آج 143 واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ان کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر محمد اقبال نے 9 نومبر 1877 کو اقبال منزل میں آنکھ کھولی، بچپن اس آنگن میں گزارا، اقبال منزل کی در ودیوار سے انکی یادیں وابستہ ہیں۔ علامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیا اور ان کی لکھی تصانیف اقبال منزل کی زینت بنی ہوئی ہیں، سو سالہ قدیمی یہ قومی ورثہ تاریخ سموئےاپنی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقریب میں اسٹیشن کمانڈر کموڈور محمد نعمت اللہ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ مختلف کارہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شاعر مشرق کے مزار پر فاتحہ خوانی کرنے آتے رہے۔
دنیا بھر سے آئے سیاح اقبال منزل میں آ کر اقبال کی زیر استعمال اشیا دیکھ کرروحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔