لاہور (ویب ڈیسک)
تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تحریک لبیک کے کارکن غم سے نڈھال نظر آئے۔
نماز جنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں عقید مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنازہ سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچ گئی، گریٹر اقبال پارک اور اس کے اطراف کی سڑکیں بھر گئیں۔ جنازے کے راستے پر بھی لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے موجود رہی۔
تحریک لبیک کے کارکنان میت کے ہمراہ جنازہ گاہ کی جانب رواں دواں رہے اور اطراف کی سڑکوں پر بھی لوگوں کا جم غفير موجود رہا۔ علامہ خادم حسین رضوی جمعرات کی رات کو انتقال کر گئے تھے۔ صاحب زادے حافظ سعد رضوی کو تحریک لبیک پاکستان کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا۔
اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سر انجام دیئے، جن میں 03 ایس پیز، 14 ڈی ایس پیز، 31 ایس ایچ اوز، 116 اَپر سب آرڈینیٹس شامل تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، اے آر ایف، ایس پی یو اور سادہ لباس میں ملبوس جوانوں نے بھی ڈیوٹی دی، شہر بھر میں مختلف مقامات پر گذشتہ رات بھرپور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیا گیا، ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں جنازے کے روٹ، گریٹر اقبال پارک اور گرد و نواح میں موثر پٹرولنگ کرتے رہے، بلند عمارتوں پر تعینات سنائپرز نے اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی۔