اسلا م آبادہائی کورٹ کابڑافیصلہ،کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل غیر قانونی قرار
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کابینہ کمیٹی کے نہ ممبر نہ سربراہ ہو سکتے ہیں، ہائی کورٹ کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل اور اس میں مشیروں کی شمولیت غیر قانونی قرارد ی ہے اور فیصلہ میں قراردیاہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کابینہ کمیٹی کے سربراہ نہیں ہو سکتے ۔ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فیصلہ دیا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کابینہ کمیٹی کے نہ ممبر نہ سربراہ ہو سکتے ہیں۔عدالت نے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے کمیٹی میں مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی شمولیت بھی غیر قانونی قرار دے دی۔ہائیکورٹ نے 25 اپریل 2019 کا کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا اور کمیٹی میں مشیر برائے کامرس اور سرمایہ کاری رزاق داود اور مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات عشرت حسین کی شمولیت بھی غیر قانونی قرار دے دی۔مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم کے 3 مشیروں کی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اراکین کی حیثیت سے تعیناتی کی تشکیل غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ صرف منتخب نمائندوں کو ملک پر حکومت کرنے کا حق ہے، غیر منتخب افراد جو نہ تو پارلیمان کے رکن ہوں نہ انہوں نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہو وہ کابینہ اور اس کی کمیٹی کا حصہ نہیں بن سکتے۔درخواست میں کہا گیا کہ مشیر حلف نہیں اٹھاتے اور آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں ذمہ دار نہیں، نہ ہی یہ آئین کی دفعہ 62، 63 کے تحت اہلیت کے پابند ہیں جبکہ اثاثے ظاہر کرنے کے بھی پابند نہیں۔