مظفرآباد (ویب ڈیسک)
حکومت آزادکشمیر نے مکمل لاک ڈائون میں آج رات 12بجے تک مزید توسیع کرتے ہوئے کل بروز بدھ 9دسمبر سے سمارٹ لاک ڈائون نفاذ کافیصلہ کرلیا۔ کاروباری مراکز کو سخت ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔ جمعہ اور منگل ضروری سروسز کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی۔ سکول وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق8جنوری تک بند رہیں گے ،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کی زیرصدارت پیر کو ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلے ۔سمارٹ لاک ڈائون کا نوٹی فکیشن آج جاری ہوگا۔ ترجمان وزیراعظم اور چیف سیکرٹری آفس کے مطابق اجلاس میں وزیرصحت ڈاکٹر نجیب نقی،چیف سیکرٹری شہزاد خان بنگش،آئی جی صلاح الدین محسود،سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل الطاف ستی ،سیکرٹری تعلیم سکولز وکالجز ،تینوں ڈویژنوں کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز ،ڈی جی ہیلتھ اور پی ایس او ہمراہ چیف سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کی رپورٹ سامنے رکھتے ہوئے مزید لاک ڈائون کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔ فیصلہ کیاگیا کہ آج بروز منگل 8دسمبر مکمل لاک ڈائون برقرار رہے گا جبکہ کل 9دسمبر بروز منگل سے سمارٹ لاک ڈائون کانفاذ کیاجائے گا۔تاجروں کو صرف سخت ایس او پیز کے تحت کاروباری کی اجازت ہوگی جبکہ سکولز اور کالجز بند رہیں گے جو وزرائے تعلیم کانفرنس کے فیصلے کے مطابق جنوری تک بند رکھے جائیں گے اس کیلئے تمام پارکس، مزارات،دینی اور سیاسی جلسے جلوس اور تقریبات پر پا بندی برقرار رہے گی۔اس حوالے سے تفصیلی نوٹی فکیشن آج جاری ہوگا۔