اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 40ہزار 202 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 59 لاکھ 6ہزار سے زائد ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 138 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 56افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 30مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 280ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 603 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 46 ہزار 376 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 575کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 74ہزار 301مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 89 ہزار 687 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 3 ہزار 99ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 25 ہزار 250 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 265ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار 762ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 439 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 33 ہزار 695کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 348 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 17 ہزار 604مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 171 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 7 ہزار 517 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 183 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 765کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 98 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔