چینی قونصل خانہ حملہ کیس: 15مفرور ملزمان اشتہاری قرار
مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری
کراچی(ویب ڈیسک ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے 15 مفرور دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ عدالت نے ملزمان کے خاکے بنا کرآویزہ کرنے کے حکم کے ساتھ مفرور ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم سنادیا۔مفرور ملزمان میں حربیار مری،علی داد بلیدی، کمانڈر شریف، راشد حسین اور سمیر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ مقدمے میں احمد حسنین، نادرخان، علی احمد، عبداللطیف، اور اسلم گرفتار ہیں۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ دہشت گردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را نے مالی معاونت کی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلیے انٹر پول سے معاونت حاصل کی جائیگی۔خیال رہے کہ 28 نومبر 2018 کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ ہوا تھا۔واضح رہے کہ نومبر 2018 میں کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔واقعہ میں قونصلیٹ میں ویزہ لینے کے لیے آنے والے باپ بیٹا بھی شہید ہو گئے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حملہ پاک چین معاشی اور تزویراتی تعلقات کے خلاف سازش ہے اور ایسے واقعات پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔