پنجاب’شدیددھند،ٹریفک حادثات ،نوجوان جاںبحق ،4زخمی
ٹریفک روانی متاثر،فلائٹ آپریشن جزوی طور پر معطل رہا،شہریوں کو مشکلات کا سامنا
لاہور(ویب ڈیسک )لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھندچھائی رہی ،ٹریفک حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور 4افرادزخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی، موٹروے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر معطل رہا۔لاہور کے نواحی علاقے فیروز والا اور ظفر وال میں ٹریفک حادثات میں نوجوان جاں بحق، چار افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بھی دھند کا راج ، حد نگاہ صفر ہو گئی۔ موٹروے ایم ٹو انٹرچینج لاہور اور پنڈی بھٹیاں تک کے لیے بند کر دی گئی، موٹروے ایم تھری کو لاہور ننکانہ صاحب تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیاجبکہ سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بندکی گئی ۔ظفروال میں بھی دھند چھائی رہی، درمان روڈ اور کشمیر روڈ پرشدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی، ، قومی شاہراہ پر بھی شدید دھند کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، شہریوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔