ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم کی اپیل پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک سمیت دیگر فریقین کو 15 جنوری کے لئے نوٹس جاری
کراچی(ویب ڈیسک )سندھ ہائی کورٹ نے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی تعیناتی کے معاملے پر ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم کی اپیل پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک سمیت دیگر فریقین کو 15 جنوری کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ہفتے کو سندھ ہائی کورٹ میں سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی تعیناتی کے معاملے پر ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سنگل بینچ نے میرے موکل کو بیانات دینے سے روک دیا، بیانات دینے سے روکنا آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سنگل بینچ نے صرف تضحیک آمیز بیان دینے سے روکا، سنگل بینچ کے مطابق آپ کے موکل صرف تضحیک آمیز بیان نہیں دے سکتے، فریقین کو نوٹس جاری کر رہے ہیں، معاملے کی سماعت کریں گے۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ بیان نہ دینے سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے اپیل پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک سمیت دیگر فریقین کو 15 جنوری کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ واضح رہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے صفدر انجم کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، دعوے کے مطابق صفدر انجم سے 4 ارب روپے ہرجانہ طلب کیا گیا ہے، دعوی پر سنگل بینچ نے صفدر انجم کو تضحیک آمیز بیان دینے سے روک دیا تھا ،سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف صفدر انجم نے دو رکنی بینچ میں اپیل دائر کی۔