سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کا پیچھا کریں گے، ہزارہ برادری کا ہر ممکن تحفظ کریں گے،عمران خان
ہندوستان پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے،بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے
وزیر اعظم کی سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے گفتگو
کوئٹہ(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے مچھ واقعہ میں شہید ہونے والے لواحقین کو یہ یقین دلایا ہے کہ سانحہ میں ملوث عناصر کا پیچھا کریں گے ،وفاقی اور صوبائی حکومت ہزارہ برادری کا تحفظ دینے کی بھرپور کوشش کرے گی تاکہ آئندہ اس طرح کا سانحہ پیش نہ آئے، ہندوستان پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے،وزیراعظم ہفتہ کو سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے گفتگو کررہے تھے،وزیراعظم نے بلوچستان کے دورے کے دوران سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ان سے اظہار ہمدردی اور شہداء کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے شہداء کو یقین دہانی کرائی کہ پوری قوم اور پورا پاکستان رنجیدہ اور افسردہ ہے پوری قوم اور حکومت ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑی ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا آپ کے مسائل سے آگاہ ہیں اور آپ سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ ملک دشمن
عناصر نے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی ۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہزارہ برادری کا ہر ممکن تحفظ کریں گے ہم نے آپ کولکھ کردیا ہے کہ آپ کاہروعدہ پورا کیا جائے گا میں پہلے بھی آپ کے پاس آچکا ہوں آپ کے ساتھ بڑے بڑے سانحات ہوئے ہیں جب میں نے ایک دہشت گرد گروپ کا نام لے کر مذمت کی تو انہوں نے مجھے دھمکیاں دیں میں وہ سیاستدان ہوں سب جانتا ہوں جو آپ کے سا تھ پچھلے 20 سالوں سے ہوتا رہا ہے ۔ پچھلی مارچ سے ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ ہندوستان پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے۔ بھارت نے پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی اور مارچ میں ہی کابینہ کو بھارت کی پاکستان میں فرقہ وارانہ تصادم کی کوششوں سے آگاہ کردیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم داعش کو بھارت کی مکمل اور بھرپور مدد اور حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ دہشت گرد گروپوں اور داعش کا اتحاد ہوچکا ہے۔علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ افغان جہاد ختم ہونے کے بعد عسکری گروہوں نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اس سانحہ میں ملوث عناصر کا پیچھا کریں گے بہت عناصرکو ہماری سیکورٹی ایجنسیاں پہلے ہی مارچکی ہیں اب 35 سے 40 لوگ باقی ہیں جن کا سیکورٹی ایجنسیاں پیچھا کررہی ہیں سیکورٹی فورسز کا ایک سیل بن رہا ہے جس نے آپ کو تحفظ دینا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت آپ کو تحفظ دینے کی بھرپور کوشش کرے گی تاکہ آئندہ اس طرح کا سانحہ پیش نہ آئے۔ جب میں وزیراعظم نہیں تھا تو ایک سانحہ پر میں آپ کے پاس آیا تھا اس سانحہ پر میں وزیراعلیٰ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ میں تھا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی تکلیف میں صرف میں ہی شامل نہیں بلکہ پورا پاکستان آپ کے دکھ درد میں آپ کے ساتھ ہے ۔ اللہ کا شکر ہے کہ آپ نے ہماری بات مانی اور شہیدوں کو دفنا دیا آپ کی تمام شرائط مانی ہیں اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر طرح سے آپ کا ساتھ دیں گے ۔ دنیا میں مسلمانوں کے درمیان جو تقسیم لائی جارہی ہے ہم کوشش کررہے ہیں کہ اسے ختم کیا جائے میں نے ایران اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات کوٹھیک کرنے کی بڑی کوشش کی ہے میری یہاں بھی کوشش ہے کہ ہم فتنہ پھیلانے والے عناصر کا پیچھا کریں اور اپنی قوم کو اکٹھا کریں۔