اسلام آباد میں بجلی کے بریک ڈاون پر وزیراطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ گدو پاور پلانٹ میں ابھی تک فالٹ نظر نہیں آیا۔ گدو میں دھند کے باعث تحقیقات میں دشواری کا سامنا ہے، دھند میں کمی ہونے پر پتا چلایا جا سکے گا کہ خرابی کس وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری کیلئے حکومت نے49 ارب روپےخرچ کیے، بجلی کی فراہمی کے نظام کو وقت کیساتھ مزید بہتر بنائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کےنظام میں جدت نہ آنےسےبجلی کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں،بجلی کی ترسیل کےنظام کواپ گریڈنہ کرنے سے مسائل پیداہوئے۔موجودہ حکومت بجلی کےترسیل کےنظام کواپ گریڈکرنےکیلئےاقدامات کررہی ہے،گزشتہ رات بجلی کےبریک ڈاؤن سے ملک بھرمیں بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا،ماضی کی حکومتوں نے بجلی کی پیداواربڑھانےپرتوجہ نہیں دی۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار بجلی بحالی کا کام جاری ہے، جیكب لائن، گارڈن ایسٹ، ڈیفنس، نارتھ کراچی کے کچھ مقامات پر بجلی بحال کر دی گئی، شاہ فیصل اور بلوچ کالونی کے بھی کچھ مقامات پر بجلی بحال کردی گئی، تکنیکی ٹیمز بجلی کی جلد مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔