اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) ملائیشیا میں پی آئی اے طیارے کو قبضے میں لینے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔ لیز پر لیے گئے طیارے کی کمپنی کا مالک اور ڈائریکٹر بھارتی نکلے، پری گرائن کمپنی کا دفتر دبئی میں قائم ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے کی کوالمپور پرواز والے مسافر متبادل ذریعے سے آج شام اسلام آباد پہنچیں گے۔ 118 مسافر براستہ دبئی پرواز نمبر ای کے 614 کے ذریعے شب 11 بجے اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ 54 مسافر براستہ دوہا پرواز نمبر قیو آر 632 سے کل صبح 1 بج کر 40 منٹ پر اسلام اباد پہنچیں گے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا زمینی عملہ دوبئی اور دوہا میں مسافروں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے، مسافروں کی تمام ضروریات اور آرام کا خیال رکھا جا رہا ہے۔
غلام سرور خان نے کہا ہے کہ نون لیگ کے دور میں طیارہ مہنگی لیز پر لیا گیا، کورونا کے باعث پی آئی اے بر وقت قسط ادا نہ کر سکا، ملائیشین عدالت نے سنے بغیر فیصلہ دیا، 22 جنوری کو لندن، 24 کو ملائیشین عدالت میں پیش ہوں گے۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ اداروں کو تباہ و برباد کیا گیا، کرپشن کو جڑ سے ختم کر رہے ہیں، خود کو رہبر کہنے والے راہزن بن کر قوم کو لوٹتے رہے، پی ڈی ایم ضمنی انتخابات اور سینیٹ میں حصہ لے رہی ہے، صوبے یا وفاق میں عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے وہ لاسکتے ہیں، اپوزیشن کو عدم اعتماد لا کر چیئرمین سینٹ کے انتخابات کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی۔