ویب سائٹ ”ٹرو اسلام“ پاکستان میں بلاک
اسلام آباد (ویب نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ویب سائٹ www.trueislam.com کی پاکستان میں رسائی کو بلاک کر دیا ہے۔
پی ٹی اے نے ویب سائٹ www.trueislam.com کے ایڈ منسٹریٹر سے ویب سائٹ پر موجود غیر قانونی مواد کو ہٹانے کے لئے رابطہ کیا جو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 295-A،, 298-B اور 298-C اور آرٹیکل 260 (3)اور آرٹیکل 31 کی خلاف ورزی پر مبنی تھا۔ غیر قانونی مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے (طریقہ کار، نگرانی، اور حفاظتی اقدامات) کے قواعد 2020 کے تحت ویب سائٹ کی انتظامیہ کو غیر قانونی مواد ہٹانے کو کہا گیا۔ پلیٹ فارم کو اتھارٹی کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے سماعت (ورچوئل /فزیکل) کا موقع بھی فراہم کیا گیا جس سے استفادہ نہیں کیا گیا۔
معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر پی ٹی اے نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 اور قواعد کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ویب سائٹ www.trueislam.com کی پاکستان میں رسائی کو بلاک کر دیا۔
مجوزہ پابندی کی مناسبت سے بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی بعض خبروں کے حوالے سے واضح رہے کہ پی ٹی اے کی یہ کارروائی پاکستان میں قابل اطلاق ملکی قوانین کی قانونی دفعات کے عین مطابق ہے۔