مری سمیت شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری، سردی بڑھ گئی
ایوبیہ اور نتھیا گلی میں چار انچ تک برف ریکارڈ ،رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں
مری (ویب نیوز)ملکہ کوہسارمری سمیت شمالی علاقہ جات میں شدید بارش و برفباری کے باعث سردی بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری کے علاقے گلیات میں بھی روئی کے گالوں سے منظر حسین ہوگیا ایوبیہ اور نتھیا گلی میں چار انچ تک برف ریکارڈ کی گئی، سیاحوں کی موجیں لگ گئیں، برفباری سے لطف اندوز ہو ئے۔ ناران، شوگران، دیامر اور غذر ، بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔چلاس کے بالائی مقامات پر بھی وقفے وقفے سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری رہاجبکہ جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی بارش وبرفباری کا سلسلہ جاری رہا۔مظفر آباد، لیپہ ریشیاں شاہراہ شدید برف باری کے باعث بند ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔