حکومت قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنے میں ناکام
ایک گھنٹے تک وزراء کی دوڑیں لگی رہیں ، اجلاس ملتوی
اسلام آباد(ویب نیوز) حکومت قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنے میں ناکام ہوگئی، ایک گھنٹے تک وزراء اور سرکردہ ارکان کی دوڑیں لگی رہیں، کورم پورا نہ ہوسکا، حکومت 83ارکان جمع کرسکی، چار ارکان کم تھے، بعض معاملات پر حکومت آرڈیننس پیش نہ کرسکی۔ پیر کی شام قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا۔ وقفہ سوالات ہوا، جس کے بعد کارروائی آگے بڑھی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد ایوان میں آگئے، عمران علی شاہ نے کورم کی نشاندہی کردی۔ اسپیکر اسد قیصر نے گنتی کروائی کورم پورا نہیں تھا، کارروائی کورم پورا ہونے تک معطل کردی گئی اور وزراء حکمران اتحاد کے ارکان کو تلاش کرتے رہے۔83ارکان جمع ہوگئے تھے ، چار مزید ارکان کی ضرورت تھی۔ ٹیلی فون بجتے رہے مگر کئی ارکان نے اٹینڈ نہیں کیا۔ ایک گھنٹے کے بعد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ایوان میں آئے، گنتی کروائی کورم پورا نہیں تھا جس پر اجلاس منگل تک ملتوی کردیا گیا۔ حکومت کواپنے ارکان کو ایوان میں یکجا کرنے میں مشکل صورتحال کا سامنا ہے، اپوزیشن مہنگائی کیخلاف احتجاج کی حکمت عملی پر غور کررہی ہے،فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹوٹ آرڈیننس پیش نہ کیا جاسکا دیگر ایجنڈا بھی دھرے کا دھرا رہ گیا۔