وزیر اعظم مسائل سے آگاہی کیلئے اپنے کسی نمائندے کو ذمہ داری تفویض کریں ‘ سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد
لاہور (ویب ڈیسک)
پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے برآمدات کے حوالے سے اسٹیٹ بینک سے متعلقہ مسائل حل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کا اجلاس سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد کی زیر صدارت گذشتہ روز منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، محمد اکبر ملک، سعید خان، میجر (ر) اختر نذیر،دانیال حنیف ، فیصل سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کارپٹ انڈسٹری کے حوالے سے مسائل پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا ۔ریاض احمد نے کہا کہ برآمدات کے حوالے سے سٹیٹ بینک کی بعض رکاوٹیں بلا جواز ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی کسٹمرز بھی متنفر ہو رہے ہیں ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی برآمدات دوسری مصنوعات کی برآمدات سے قطعا ًمختلف ہیںلیکن سٹیٹ بینک ہمارے جواز کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتا جبکہ آڈٹ کے مسائل بھی حل طلب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ ہمارے مسائل کو سمجھنے کیلئے تفصیلی نشست کی جائے اور وزیر اعظم سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنے کسی نمائندے کو ذمہ داری تفویض کریں جنہیں ہم اپنے مسائل سے آگاہ کریں تاکہ مشکلات کی شکار ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی سانسیں بحال ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کا حصہ ہونے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے پر ممبران میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔