سابق حکمرانوں نے دور دراز علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی،عثمان بزدار
پنجاب کے پسماندہ ترین علاقوں کی ترقی کے لیے پہلی مرتبہ فنڈز دئیے گئے
پسماندہ علاقوں کی قسمت بدلنے آیا ہوں اور قسمت بدل کر دکھائوں گا،بیان
لاہور(ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے دور دراز علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی،وسائل کی یکساں تقسیم صوبے کی یکساں ترقی کی ضمن ہے۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے دور افتادہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کا وقت آگیا، ترقی کے سفر کو نظر انداز کئے جانے والے شہروں تک لے کر گئے ہیں، ماضی میں وسائل کو جان بوجھ کر مخصوص شہروں تک محدود رکھا گیا، سابق دور کی فاش خرابیاں دور کی ہیں، ماضی میں قومی وسائل کے من پسند استعمال کی غلط روایت کو ختم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کے امین ہیں، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار قومی وسائل کی یکساں تقسیم کی داغ بیل ڈالی ہے، وسائل کی یکساں تقسیم صوبے کی یکساں ترقی کی ضمن ہے، پنجاب کے پسماندہ ترین علاقوں کی ترقی کے لیے پہلی مرتبہ فنڈز دئیے گئے ہیں، پسماندہ ترین علاقوں کی ترقی کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، سابق حکمرانوں نے دور دراز علاقوں پر کوئی توجہ نہیں دی، ہم نے وسائل کا رخ محروم علاقوں کی جانب موڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نظر انداز علاقوں کی خوشحالی کے لئے جو کچھ بھی کر سکا، کر گزروں گا، پسماندہ علاقوں کی قسمت بدلنے آیا ہوں اور قسمت بدل کر دکھائوں گا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دور دراز علاقوں میں ترقی کا سفر پہنچا ہے، یہ سفر رکے گا نہیں بلکہ مزید تیز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ ترین علاقوں کا وکیل ہوں، سابق حکمرانوں نے صوبے کی حقیقی ضروریات کے بجائے ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی۔