پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے 2020 ء میں 38 فیصد منافع کا اعلان
اسلام آباد( ویب نیوز )
ملک کی معروف ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے وا لی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے10 فروری2021 کو اسلام آباد میں منعقد ہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 31دسمبر 2020ء کو ختم ہونے وا لے سال کے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنی 129 بلین روپے کی آمدن کو برقرار رکھا تاہم کورونا وائرس وبا ء سے پیدا شدہ صورتحال اور بعض ریگولیٹری اقدامات سے ہٹ کر دیکھا جائے تو پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی 2019 ء کی نسبت 5.2 فیصد سے زیادہ رہی۔ یو فون نے کورونا وائرس کے باعث درپیش مشکلات کے باوجود اچھی مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ایل ٹی ای سروسز میں توسیع کرتے ہوئے ڈیٹاصارفین کی 10 ملین تعداد کی حد کو عبور کیا۔ یوبینک نے اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا اور صارفین کو دیئے جانے والے قرضوں اور ڈیپازٹس میں اضافہ کے باعث گزشتہ سال کی اپنی سالانہ آمدنی میں 50 فیصداضافہ کیا۔ٹاپ لا ئن میں استحکام کے ساتھ ساتھ لاگت کو کم کرنے کیلئے اقدامات اور موافق شرح سود اور ایکس چینج ریٹ کے باعث سا ل کیلئے گروپ کے خالص منافع میں 38 فیصد بہتری آئی۔
پی ٹی سی ایل کی آمدن گزشتہ سال کی نسبت 0.4 فیصد زیادہ رہی مالی سال کی تیسری سہ ماہی تک ٹاپ لائن میں 0.7 فیصد کمی دیکھنے کو ملی تاہم سال کی چوتھی سہ ماہی میں نئے صارفین حاصل کرنے سے بہتری آئی اور3.7 فیصد سال با سال اضافہ ہوا۔سال 2020 ء مشکل ہونے کے باوجودانتظامیہ کی جانب سے سال کے آغازمیں کامیاب حکمت عملی کی بدولت پی ٹی سی ایل کے ریٹیل بزنس نے تمام سیگمنٹس میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں سال کے دوسرے نصف میں بہتر نتائج موصول ہوئے۔فکسڈ براڈ بینڈ کے سبسکرائبرز میں آخری نو ماہ کے دوران مسلسل مثبت اضافہ ہوا جو دسمبر 2020 ء میں پانچ سال میں سب سے زیادہ ریکارڈ ہے۔اسی طرح براڈ بینڈ کی آمدن میں بھی آخری سات ماہ میں اضافہ جاری رہا جبکہ صارف کے تجربے کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے جس کی وجہ سے چھوڑ کے جانے واے صارفین کی تعداد میں 23 فیصد سال با سال کمی واقع ہوئی۔وائرلیس سیگمنٹ جس کی فروخت گزشتہ پانچ سال سے سے کمی کا شکار تھی 2020 ء میں اس کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور بغیر کسی بڑی سرمایہ کاری کے کم قیمت اور فروخت کی حکمت عملی کی بدولت اس کی آمدن میں 8 فیصد سال با سال اضافہ ہوا۔ آئی پی ٹی وی کی آمدنی میں گزشتہ سال کی نسبت 3 فیصد بہتری آئی۔ ایف ٹی ٹی ایچ سروسز کے سبسکرائبرز اور آمدن میں اضافہ کے ساتھ بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
کاروباری سروسز کی آمدن میں مجموعی طور پر6 فیصد سال با سال نمو حاصل ہوئی۔کارپوریٹ بزنس کی آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصدخاطرخواہ اضافہ ہوا۔کیریئر سروسز میں سال با سال5 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح انٹرنیشنل سروسز کی آمدنی میں 4 فیصد ا ضافہ ہوا پی ٹی سی ایل کا کورونا وائرس کے منفی اثرات کے باوجود سال کیلئے خالص منافع 6بلین روپے رہا۔
پی ٹی سی ایل نے آئی سی ٹی، آئی پی بینڈ وڈتھ اومینیجڈ کپیسیٹی سروسزکے تناظر میں مارکیٹ میں اپنی قائدانہ حیثیت کو برقرار رکھا۔پی ٹی سی ایل ڈیٹا سینٹر، کلاؤڈ، آئی پی اورمینیجڈ کپیسیٹی سروسز میں کم مدتی اور طویل مدتی بنیادوں پر اہم صارفین کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کرنے میں کامیاب رہا۔یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے گھوٹکی، کشمور، سکھر اور خیر پور اضلاع میں مواصلا تی رابطہ فراہم کرنے کیلئے نومبر 2020 ء میں پی ٹی سی ایل کو آپٹک فائبر کیبل (او ایف سی) کے دوکنٹریکٹ دیے جس کے تحت پی ٹی سی ایل تعلیمی اداروں، دیہی صحت مراکز، سرکاری اداروں اور کارپوریٹ اداروں کو مواصلا تی رابطہ فراہم کرے گا۔
رواں سال پی ٹی سی ایل نے صارفین کو جدید ترین کسٹمر مینجمنٹ پلیٹ فارمز کے ساتھ بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے غیر مثالی اقدامات اٹھائے۔ پی ٹی سی ایل صارفین کے اطمینان کو موثر انداز میں جانچنے کیلئے کسٹمر ہیپی نس انڈکس کو کامیابی کے ساتھ لاگو کرکے اتصالات گروپ میں پہلا Opco بنا۔ ایک ذمہ دار ادارہ کے طور پر پی ٹی سی ایل گروپ نے ان مشکل حالات میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے 1.9 بلین روپے کی معاونت کی جس میں وزیراعظم پینڈیمک ریلیف فنڈ کیلئے 100 ملین روپے عطیات شامل ہیں۔کورونا وائرس کے دوران ” ہیروزآف پی ٹی سی ایل“ اور ”نیشن کا کنکشن“ جیسی کمپین کے ذریعے پی ٹی سی ایل نے صارفین کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ اس کے ملازمین انہیں بلارکاوٹ رابطہ فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں