کولمبو (ویب ڈیسک)
چند روز قبل خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ کورونا وائرس کے باعث سری لنکا میں جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کو تدفین کی بجائے جلایا جا رہا ہے، تاہم سری لنکا کی حکومت نے مہلک وباء سے چل بسنے والے مسلمانوں کی میتوں کو دفنانے کی اجازت دیدی ہے۔
سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسا نے پارلیمنٹ میں مسلم ارکان کی جانب سے لاشوں کی تدفین سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے یقین دلاتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو تدفین کی اجازت دیدی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سری لنکن حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ہلاک افراد کی لاشوں کو دفنانے پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں جلانے کا حکم دیا تھا، سری لنکن حکومت کے مطابق کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کو دفنانے سے زیر زمین پانی گندہ ہوجائے گا۔
سری لنکن حکومت کی جانب سے تدفین پر پابندی لگائے جانے کے بعد نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے افراد کی جانب سے شدید احتجاج دیکھنے میں آیا تھا، اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس پابندی پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔