اسلام آباد ہائیکورٹ حملہ کیس’گرفتار 4 وکلا کا جوڈیشل ریمانڈ
وکلا میں ظفر علی ورائچ، نوید ملک، شیخ شعیب اور نازیہ بی بی شامل
اسلام آباد( ویب نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے گرفتار چار وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملے کے کیس میں پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد چار وکلا کو جج انسداد دہشت گردی عدالت کے روبرو پیش کیا۔ وکلا میں ظفر علی ورائچ، نوید ملک، شیخ شعیب اور نازیہ بی بی شامل ہیں۔ عدالت نے چاروں گرفتار وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔یاد رہے وکلا نے تمام عدالتوں میں سماعت رکواتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کو یرغمال بنالیا تھا۔ وکلا نے ہائی کورٹ کی عمارت کے شیشے، گملے، کھڑکیاں، ٹی وی، فرنیچر تک توڑ دیا۔ احتجاج اور توڑ پھوڑ کی فوٹیج بنانے پر صحافیوں کے موبائل فون بھی چھین لیے اور وڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئی تھیں۔