افسروں اور عملے سے ملاقات، مقبرہ انارکلی میں نادر اور تاریخی اشیاء و دستاویزات میں گہری دلچسپی،محققین کو مزید سہولتیں دینے کی ہدایت
لاہور ( نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سول سیکرٹریٹ میں مختلف دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ قانون، محکمہ آرکائیوز ، پاکستان سٹیزن پورٹل کے دفتر اور مقبرہ انار کلی کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقبرہ انارکلی میں نادر اور تاریخی اشیاء و دستاویزات دیکھیں اور تاریخی اشیاء اورنادر دستاویزات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کو مقبرہ انارکلی میں رکھی نادر و تاریخی اشیاء اور دستاویزات کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور مقبرہ انارکلی کی تاریخی حیثیت کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تاریخی دستاویزات سے استفادہ کرنے کیلئے محققین کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر آنے والی درخواستوں کا جائزہ لیا اور درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیکھ کر سول سیکرٹریٹ میں ملازمین جمع ہو گئے۔ وزیراعلیٰ نے ملازمین سے ملاقات کی، ملازمین کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ملازمین نے سیلفیاں بھی بنائیں۔ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری آرکائیوز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔