وفاقی حکومت کامریم نواز کوکسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا اعلان
وطن واپسی کے لئے نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے سفری دستاویز د ینگے ، شبلی فراز ن
اسلام آباد (ویب نیوز)وفاقی حکومت نے مریم نواز کوکسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کردیا۔نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے سفری دستاویز د ینگے تاکہ وہ وطن واپس آئیں ، نواز شریف کے کہیں اور چلے جانے کے بارے میں سہولت کار نہیں بنیں گے ۔اس امر کا اظہار وزیر اطلاعات شبلی فراز نے منگل کو وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی کے اہم اجلاس کے بعد وڈیو بیان میں کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا حکمت عملی پر بات چیت کی گئی ہے ، وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹورل ووٹ کے امین لوگوں کو عوام کا ووٹ غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ماضی کی حکومتوں نے سیاست میں پیسے کے کلچر کو عام کیا ۔ہمارا واضح موقف ہے کہ پیسے کی سیاست ختم کرکے اہلیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے۔سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جلد مکمل ہو جائے گی، وزیراطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے اقرار کرلیا کہ پی ڈی ایم کا مستقبل اندھیرے میں ہے۔مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی انکو ایسی بیماریاں کیوں لاحق ہوتی ہیں جن کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز اس طرح کے پیغامات سے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کررہی ہیں۔حکومت کی طرف سے مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت قطعی نہیں دی جائے گی، سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف یہاں سے علاج کروانے گئے اور باہر جاکر سیاست شروع کردی۔نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے ٹریول ڈاکومنٹ جاری کرینگے تاکہ وہ وطن واپس آئیں، سینٹرشبلی فراز نے کہا کہ ہم کیسے ایک قانون کے مطلوب شخص کو پاسپورٹ دے کر مدد کرسکتے ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا ہم سہولت کار بنیں اور نواز شریف کہیں اور چلے جائیں۔