خوشاب میں ٹرک اور وین کے درمیان تصادم سے خاتون سمیت7 افراد جاں بحق،9زخمی ہوگئے،وزیراعلی پنجاب کااظہارافسوس
نارووال میں مسافر بس الٹ گئی،2 افراد جاں بحق، 20 زخمی ،کامونکی چیانوالی کے قریب16 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 12 زخمی ہوگئے
چونیاں میں سکول رکشہ فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا، ڈرائیور سمیت7 طالبعلم شدید زخمی ، فیروزوالہ میں ٹرک دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا،2جاں بحق،2 زخمی
لاہور/خوشاب/نارووال (ویب ڈیسک)
پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق خوشاب میں دھند کے باعث قائد آباد میں میانوالی خوشاب روڈ پرتیز رفتار منی ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہناہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 6افراد جاں بحق اور 10زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخمی دورانِ علاج دم توڑ گیا۔اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں میں 6 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدادنے خوشاب ٹریفک حادثہ پراظہارافسوس کرتے ہوئے مسافروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی اورزخمیوں کوبہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلی پنجاب نے حادثہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔نارووال میں نیو لاہور روڈ پر شدید دھند کے باعث مسافر بس الٹ گئی۔ حادثے میں2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کامونکی چیانوالی کے قریب ہونے والے حادثے میں 16 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔چونیاں میں چھانگا مانگا روڑ پر دھند کے باعث سکول رکشہ فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا۔ ریسکیوزدائع کے مطابق حادثے میں رکشہ ڈرائیور سمیت 7 طالب علم شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میاں چنوں میں دھند کے باعث بس اور ٹرک میں ٹکر ہونے سے 7 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔فیروزوالہ کالا خطائی روڈ پر تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا، حادثے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے جنہیں میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔