اسرائیلی فوج کی لبنان کی فضائی اور بحری دراندازی جاری
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود میں گھس کر خود مختاری کے قانون کی خلاف ورزی کی
اقوام متحدہ کی امن فوج ‘یونیفیل’ کے ساتھ اسرائیلی فوج کی مسلسل فضائی اور بحری دراندازی کا معاملہ اٹھایا ہے،لبنانی فوج
بیروت (ویب نیوز)لبنان کی مسلح افواج نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی فضائی اور بحری حدود کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔لبنانی فوج کے شعبہ ‘مورل گائیڈنس لیڈرشپ’ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شام 6 بج کر 50 منٹ پر اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود میں گھس کر خود مختاری کے قانون کی خلاف ورزی کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے دو طیارے جنوبی سرحد اور وای البقاع میں کئی کلو میٹر اندر گھس آئے اور دائرے کی شکل میں پرواز کے بعد واپس ہوئے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قبل ازیں منگل کے روز دن 12 بجے اور شام کو پانچ بجے دشمن فوج کی جنگی کشتیاں لبنان کی بحری حدود میں داخل ہوئیں اور 463 میٹر اندر گھس کر سمندری علاقے میں روشنی کے گولے داغے۔لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ملک میں متعین اقوام متحدہ کی امن فوج ‘یونیفیل’ کے ساتھ اسرائیلی فوج کی مسلسل فضائی اور بحری دراندازی کا معاملہ اٹھایا ہے اور لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزیاں بند کرانے پر زور دیا ہے۔