اسلام آباد:(ویب نیوز )
پاکستان کے رواں ماہ گرے لسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار ہونے لگی ، پاکستان نے فیٹف کے تمام 27نکات پر واضح پیش رفت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے نکات پر نمایاں پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان کے رواں ماہ گرےلسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف کے تمام 27نکات پر واضح پیش رفت کرلی، تمام نکات پرپیش رفت سےمتعلق رپورٹ بھجوا دی گئی ہے۔
اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ میں بڑی پیش رفت کی گئی، پاکستان نے ان شعبوں میں قانون سازی مکمل کرلی ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جا چکی ہے۔
خیال رہے ایف اے ٹی ایف کاورچوئل پلینری اجلاس22فروری سےشروع ہوگا ، جو 24فروری تک جاری رہے گا۔
یاد رہے جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کیا ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کو اکتوبر 2019 تک وقت دیا گیا، جس میں بعد میں مزید چار ماہ توسیع کر دی گئی تھی۔
واضح رہے ایف اے ٹی ایف کے گرے لسٹ میں جانے کے بعد پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق موجودہ قوانین میں ترامیم کے ساتھ ساتھ بیشتر نمایاں اقدامات اٹھائے ، جن میں کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن اور گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔