وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے روسی ایلچی کی ملاقات
اسلام آباد(صباح نیوز)روسی صدر کے افغانستان کے لئے خصوصی ایلچی سفیرضمیر کابلوف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گزشتہ روز ملاقات کی افغانستان میں امن عمل سے متعلق حالیہ ہونے والی پیش ہائے رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سفیرضمیر کابلوف کا خیرمقدم کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئے لاوروف کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے قرار دیا کہ افغانستان کے تنازعہ کے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیہ سمیت باہمی مفاد کے امور پر پاکستان اور روس کے درمیان خیالات کی ہم آہنگی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے افغان عمل کی مسلسل حمایت کی ہے۔ انہوں نے امریکہ طالبان امن معاہدے اور اس کے نتیجے میں بین الافغان مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کی سہولت کاری کو اجاگر کیا۔وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ بین الافغان مذاکرات پرامن، مستحکم اور خوش حال افغانستان کی صورت مطلوبہ خواہش سے ہمکنار ہوں گے۔وزیر خارجہ نے علاقائی مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افغان امن عمل کی حمایت میں چہار فریقی مذاکرات کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی صدر کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کابلوف سے اہم ملاقات کی ہے، افغان امن عمل سے متعلق خطے میں ہونے والی تبدیلوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ دونوں اطراف سے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضمیر کابلوف نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مختلف جہتوں میں مزید بہتر ہوں گے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں امن خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔