این اے 75 کے انتخابی نتائج روک دیئے گئے ،حتمی اعلان الیکشن کمیشن کریگا
لا پتا ہونے والے پولنگ سٹیشنز کا عملہ ڈی آر او آفس سیالکوٹ پہنچ گیا تاہم ریکارڈ ٹیمپر لایا گیا، ذرائع الیکشن کمیشن
ن لیگ کی نوشین افتخار کو تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی پر برتری حاصل
ڈسکہ(ویب نیوز) ریٹرننگ افسر نے این اے 75 ڈسکہ کے انتخابی نتائج روک دیئے، حتمی نتیجے کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، 23 پولنگ سٹیشنز کا نتیجہ تاخیر کا شکار رہا، 337 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی نوشین افتخار کو تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی پر برتری حاصل ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیاگیا جبکہ پی ٹی آئی اور (ن)لیگ کے فتح کے دعوے کئے گئے۔ 20 پولنگ اسیٹشنز کا عملہ نتائج کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے رات گئے تک مکمل نتائج سامنے نہیں آ سکے تھے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق (ن)لیگی امیدوار کو اپنے مدمقابل پر برتری حاصل تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوے کئے ۔دوسری جانب ریٹرننگ افسر نے غیر سرکاری حتمی نتیجہ روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لا پتا ہونے والے پولنگ سٹیشنز کا عملہ ڈی آر او آفس سیالکوٹ پہنچ گیا تاہم ریکارڈ ٹیمپر لایا گیا ، پولیس کسی قسم کا تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں ہو رہی، ڈی پی او فون سن رہے ہیں لیکن پولیس کو ایکشن کی کوئی ہدایات نہیں دے رہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی ریٹرننگ آفسر کے دفتر میں موجود رہیں۔