فیصلہ کن قوتوں نے معاملات زرداری سے طے کرلیے: حافظ حسین احمد
دھند میں پی ڈی ایم نے اندھا دھند اپنے اہداف چھوڑ کر بلاول کے بیانیہ کو پزیرائی بخشی
ضمنی الیکشن کی دھند نے پی ڈی ایم کے متفقہ بیانیہ کو گم کردیا، زرداری ایک بار پھر سب پر بھاری ثابت ہوئے
بلاول اور مریم کے یکطرفہ فیصلوں کے بعد پی ڈی ایم کے نمائشی صدر کو مستعفی ہوجانا چاہئے کیوں کہ ایک بار پھر دھوکا سامنے آئے گا
یوسف رضا گیلانی مستقل مزاج ہیں وہ کھڑے ہیں اور کھڑے ہی رہیں گے ماضی میں ایک منٹ کھڑے رہنے کی سزا وہ بھگت چکے ہیں
کوئٹہ(ویب نیوز ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ فیصلہ کن قوتوں نے معاملات زرداری سے طے کرلیے، زرداری ایک بار پھر سب پر بھاری ثابت ہوئے،ضمنی الیکشن کی دھند نے پی ڈی ایم کے متفقہ بیانیہ کو گم کردیا، اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کرنے والے اب حلف اٹھانے کے لیے بے تاب ہیں، دھند میں پی ڈی ایم نے اندھا دھند اپنے اہداف کو چھوڑ کر بلاول کے بیانیہ کو اپنا لیا، ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم کو جو دانا ڈالا گیا وہ ”گیم“ کو سمجھ نہ سکے۔وہ اتوار کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع میں ضلع مستونگ، چاغی، نوشکی، گجرانوالہ، رحیم یار خان، لکی مروت سے تعلق رکھنے والے جمعیت کے مخلص کارکنان سے بات چیت اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ضمنی الیکشن کی دھند نے پی ڈی ایم کے 20ستمبر 2020کے متفقہ بیانیے کو گم کردیا اُسی اسٹیبلشمنٹ اور اُسی الیکشن کمیشن کے تحت الیکشن کے میدان میں اترنے والے اسمبلیوں سے استعفے دینے نکلے تھے اب اسمبلیوں میں حلف اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ دھند میں پی ڈی ایم نے اندھا دھند اپنے اہداف کو چھوڑ کر بلاول کے بیانیہ کو پزیرائی بخشی اور ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم کو جو دانا ڈالا گیا وہ ”گیم“کو سمجھ نہ سکے،جمعیت کے رہنما نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے،سینٹ الیکٹورل کالج کو ختم کرنا، جنوری میں حکومت کا خاتمہ صرف ”لیڈر بھبکی“ تھے اب وہ تمام باتیں قوم کے سامنے آرہی ہیں، سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ اصل فیصلہ کرنے والوں نے معاملات زرداری سے طے کئے اور زرداری اب بھی سب پر بھاری ثابت ہوا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول اور مریم کے یکطرفہ فیصلوں کے بعد پی ڈی ایم کے نمائشی صدر کو مستعفی ہوجانا چاہئے کیوں کہ ایک بار پھر آزادی مارچ کی طرح مستقبل میں ”رینٹل مارچ“کا ایک نیا دھوکا سامنے آئے گا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے بظاہر تو فیصلہ یہ دیاہے کہ رینٹل مارچ میں شامل ہر جماعت اپنے کارکنان کے اخراجات خود برداشت کرے گی تو پھروہ 5ارب کس کھاتے میں چلے جائیں گے؟ ایک اور سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی مستقل مزاج ہیں وہ کھڑے ہیں اور کھڑے ہی رہیں گے اگرچہ ماضی میں انہیں 1منٹ کھڑے ہونے کی سزا بھگتنا پڑی تھی لیکن اب کی بار وہ کافی دیر تک کھڑے ہی رہیں گے۔