سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جس میں بظاہر یہی لگتا ہے انتخابات آئین کی دفعہ 226 کے تحت ہونگے
عمران خان نے سینٹ انتخابات سے پیسہ کا عمل دخل ختم کرنے کے لئے بہت کوشش کی،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن دھاندلی زدہ سسٹم کی حامی ہے، اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں، عمران خان مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔سینیٹ انتخابات سے متعلق ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کا فیصلہ تاریخی ہے جس میں بظاہر یہی لگتا ہے کہ انتخابات آئین کی دفعہ 226 کے تحت ہوں گے لیکن ساتھ سپریم کورٹ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر اقدام اٹھائے، اس کے علاوہ ووٹ کی رازداری حتمی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہم یہ درخواست کرتے ہیں کہ ووٹ چاہے بار کوڈ کے ذریعے ہوں یا سیریل نمبر کے ساتھ ہو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں کہ سپریم کورٹ کی رائے کی روشنی میں ووٹ کی رازداری کو دائمی نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے جو آئین کی تشریح مانگی تھی وہ بہت اچھا فیصلہ تھا، ہماری پارٹی اور عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا یہ ایک اہم سنگ میل ہے کیوں کہ ہم شفافیت اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کا نظریہ لے کر نکلے تھے اور یہ وہ عملی اقدامات ہیں جو اس سلسلے میں ہماری حکومت نے اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دھاندلی زدہ سسٹم کی حامی ہے، اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں، عمران خان مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سینٹ انتخابات میں پیسہ استعمال ہوتا رہا ہے، عمران خان نے سینٹ انتخابات سے پیسہ کا عمل دخل ختم کرنے کے لئے بہت کوشش کی۔