10 فیصد پاکستانیوں کے مطابق ان کے گھر میں گاڑی موجود ہے،گیلپ سروے
88 فیصد جواب دہندگان کے گھر میں گاڑی موجود نہیں ہے، 2 فیصد نے کسی رائے کااظہار نہیں کیا
سروے میں چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1080مرد و خواتین نے حصہ لیا
اسلام آباد( ویب نیوز)گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے ایک حالیہ سروے میں 10 فیصد پاکستانیوں کے مطابق ان کے گھر میں گاڑی موجود ہے۔سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب خواتین و حضرات سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ ”کیا آپ کے گھر میں گاڑی موجود ہے؟ اس سوال کے جواب میں 10 فیصد جوابدہندگان کے مطابق”ہاں” ان کے گھر میں گاڑی موجود ہے جبکہ 88 فیصد جوابدہندگان کے مطابق”نہیں” ان کے گھر میں گاڑی موجود نہیں ہے تاہم 2 فیصد جواب دہندگان نے کسی رائے کااظہار نہیں کیا۔دیہی و شہری علاقوں کے نتائج کے موازنہ کے مطابق دیہی علاقوں میں رہنے والے جواب دہندگان کی نسبت 9 فیصد سے زائد شہری علاقوں میں رہنے والے جواب دہندگان اپنے گھروں میں گاڑی کے موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔شہری علاقوں میں رہنے والے 16 فیصد جواب دہندگان کے مطابق ان کے پاس گاڑی موجود ہے جبکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے جواب دہندگان میں اس حوالے سے شرح 7 فیصد پائی گئی شہری علاقوں میں رہنے والے 82 فیصد جواب دہندگان کے مطابق ان کے پاس گاڑی موجود نہیں ہے جبکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے جواب دہندگان میں اس حوالے سے شرح 91 فیصد پائی گئی۔گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کا حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے کیا گیا۔یہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1080مرد و خواتین سے 24 دسمبر تا 15 جنوری 2021ء میں منعقد ہوا۔غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر 95 فیصد اعتماد کے ساتھ تقریباً 2سے 3 فیصد مثبت منفی لگایا گیا ہے۔اس سروے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا طریقہ فون انٹرویو تھا۔جواب دہندگان کا تعلق پاکستان کے 100 سے زائد اضلاع سے ہے۔