لاہور (ویب ڈیسک)
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاہور کے مزید 12 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 13 مارچ تک جاری رہے گا۔
علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی اور انتہائی ضرورت کے پیشِ نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیفنس فیز فور کی گلی نمبر 12 ڈبل ایف، ڈبل ڈی گلی نمبر 4، غازی روڈ آر بلاک فیز 2 ڈی ایچ اے، والٹن روڈ کی آفیسر کالونی گلی نمبر 8 اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
ہیراں روڈ اسلام پورہ گلی نمبر جی ٹو سے جی فور، راج گڑھ گلی نمبر 27، محلہ نیو چو برجی پارک مکان نمبر 42 اے سے 46 اے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
گلشنِ راوی مکان نمبر 390 اے سے 394 اے، راشد اسٹریٹ سوڈیوال مکان نمبر 1 سے 4، جی او آر 2 کی گلی نمبر 7 اور وحدت کالونی ایف بلاک کے مکان نمبر 57 سے 61 تک اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے 2 سرکاری کالجز میں 10 کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد دونوں سرکاری کالجز کو 14 روز کے لئے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 52 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 128 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار 14 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 579 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 75 ہزار 51، سندھ میں 2 لاکھ 59 ہزار 164، خیبر پختونخوا میں 73 ہزار 258، بلوچستان میں 19 ہزار 97، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 957، اسلام آباد میں 45 ہزار 78 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 ہزار 409 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 91 لاکھ 35 ہزار 393 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 998 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 56 ہزار 769 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 52 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 128 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 510، سندھ میں 4 ہزار 405، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 99، اسلام آباد میں 504، بلوچستان میں 200، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 308 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔