الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ فہمیدہ مرزا
اسلام آباد(ویب نیوز) بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کو شفاف نہ بنا کر نہ صرف اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ آئین کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔ اگر ہر ادارہ آئینی ذمہ داریاں پوری کرے تو کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے ۔ سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھاری اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتی ہوں۔ اگرچہ انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہ تھی مگر انہوں نے ایسا کرکے مخالفین پر واضح کردیا ہے کہ عوام ان کو پسند بھی کرتے ہیں اور ان کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئین میں ہر ادارے کی ذمہ داریوں کا تعین کردیا گیا ۔صاف و شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن پر لازم ہے کہ وہ کرپٹ پریکٹس کی روک تھام کیلئے میکنزم بنائے ۔ ایوان بالا کے الیکشن کو شفاف بنائے الیکشن کمیشن کی بہت بڑی ذمہ داری تھی حالانکہ الیکشن سے قبل ممبران کی خریدوفروخت کی ویڈیو بھی سامنے آئی ۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو خصوصی اقدامات کرنے چاہیے تھے۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا تھا مگر افسوس عدالت اعظمیٰ کے حکم کی بھی پاسداری نہیں کی گئی۔ سینیٹ کے ان انتخابات میں بھی ماضی کے غلط عمل کو دہرایا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں تو 7 جعلی ووٹ بھی ڈالے گئے جب ہمارے ارکان نے اس کی نشاندہی کی تو ان کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا گیا ۔یہ الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن پر ڈالی تھی۔ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارے احتساب کے نظام میں بہت سے نقائص اور کمزوریاں ہیں۔ اداروں کی مضبوطی کیلئے ان کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔