غریب عوام کو ریلیف پہنچا نے کے لئے ہر حد تک جائیں گے، وزیر اعظم
ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔۔ وزیراعظم کو اپنے زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے ،اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو مجوزہ ‘احساس فوڈ اسٹیمپ’ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں حکومت کی جانب سے براہ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، براہ راست سبسڈی کی فراہمی سے مستحقین تک حکومتی امداد براہ راست، شفاف طریقے اور فوری طور پر میسر آئے گی۔پروگرام کا مقصد بالواسطہ سبسڈی کے نظام سے براہ راست مالی معاونت کا طریقہ کار اپنانا ہے۔عمران خان کو پروگرام سے استفادہ کرنے والے خاندانوں اور افراد کے اعداد و شمار اور ابتدائی تخمینے پیش کیے گئے۔وزیر اعظم نے مجوزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، غریب عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سبسڈی کا شفاف اور موثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ نظام کے حوالے سے طریقہ کار اور اعداد و شمار کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تاکہ اس پروگرام کا جلد از جلد اجرا کیا جا سکے۔